Monday, December 2, 2019

حساب کی سختی کا خوف

 حساب کی سختی کا خوف




 حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا فرماتی ہیں ۔حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’ جس سے قیامت کے دن حساب لیا گیا وہ عذاب میں  مبتلا ہو گیا۔ میں  نے عرض کی ’’کیا اللّٰہ تعالیٰ نے یہ نہیں  فرمایا کہ عنقریب ان سے آسان حساب لیا جائے گا (یعنی مُطلقاً حساب پر تو پکڑ نہیں  ہوگی بلکہ سخت حساب کی صورت میں  ہوگی اس پر) رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’یہ (نرمی سے لیا جانے والا حساب حقیقت میں ) حساب نہیں  ہے بلکہ حساب کے لئے پیش ہونا ہے، (اور) جس سے قیامت کے دن حساب میں(جَرح و اعتراض کے ساتھ) سوال و کلام کیا گیا تو اسے عذاب دیا جائے گا۔ *(مسلم، کتاب الجنّۃ وصفۃ نعیمہا واہلہا، باب اثبات الحساب، ص۱۵۳۷، الحدیث: ۷۹ (۲۸۷۶))*
 حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا فرماتی ہیں ’’ میں  نے رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اپنی بعض نمازوں  میں  فرماتے ہوئے سنا ’’ *اَللّٰہُمَّ حَاسِبْنِیْ حِسَابًا یَّسِیْرًا‘* ‘ اے اللّٰہ ! مجھ سے آسان حساب لے ۔ جب نماز سے فارغ ہوئے تومیں  نے عرض کی’’یا رسولَ اللّٰہ !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آسان حساب کیا چیز ہے ؟ ارشاد فرمایا ’’آسان حساب یہ ہے کہ اس کے نامۂ اعمال پر نظر کرا دی جائے پھر اسے معافی دیدی جائے۔ اے عائشہ! رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا، جس سے حساب میں  اس دن جرح کرلی گئی وہ ہلاک ہوجائے گا۔ *(مسند امام احمد، مسند السیدۃ عائشۃ رضی اللّٰہ عنہا، ۹ / ۳۰۳، الحدیث: ۲۴۲۷۰)*
لہٰذا ہمیں  بھی اپنے حساب کے بارے میں  فکر کرنی چاہئے اور ایسے اعمال اختیار کرنے چاہئیں  جن کی برکت سے اللّٰہ تعالیٰ حساب میں  آسانی فرماتا ہے، ترغیب کے لئے ایک روایت ذکر کی جاتی ہے۔ چنانچہ حضرت ابو ہریرہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، سرورِ عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’تین اوصاف جس شخص میں  ہوں  گے اللّٰہ تعالیٰ اس کے حساب میں  آسانی فرمائے گا اور اپنی رحمت سے اسے جنت میں  داخل فرما دے گا۔صحابہ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم نے عرض کی’’یا رسولَ اللّٰہ !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، ہمارے ماں  باپ آپ پر فدا ہوں ، وہ کون سے اوصاف ہیں ؟ ارشاد فرمایا ’’جو تمہیں  محروم کرے تم اسے عطا کرو، جوتم سے رشتہ داری ختم کرے تم اس سے صلہ رحمی کرو اورجو تم پر ظلم کرے تم اسے معاف کردو ۔جب تم ایسا کرو گے تو اللّٰہ تعالیٰ اپنی رحمت سے تمہیں  جنت میں  داخل فرما دے گا۔ *(مسند البزار، مسند ابی ہریرۃ، ۱۵ / ۲۱۹، الحدیث: ۸۶۳۵)*
 اللّٰہ تعالیٰ ہمیں  اپنے حساب کی فکر کرنے اور نیک اعمال میں  مصروف رہنے کی توفیق عطا فرمائے، اٰمین۔

No comments:

Post a Comment